مکہ مکرمہ: اللہ کے مہمانوں نے ’’لبیک اللّٰہم لبیک‘‘ کی پرجوش صداؤں کے ساتھ حج کا آغاز کر دیا ہے۔ دنیا بھر سے آئے لاکھوں مسلمان اس وقت مکہ مکرمہ اور اطراف میں حج کے روحانی سفر پر ہیں۔
حج کا سب سے اہم دن، یعنی یومِ عرفہ (9 ذوالحجہ) آج منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر حجاج کرام میدانِ عرفات میں جمع ہوں گے، جہاں وہ خطبۂ حج سنیں گے، اور ظہر و عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کر کے غروبِ آفتاب تک وہیں قیام کریں گے۔
رواں برس خطبۂ حج کو 35 زبانوں میں ترجمہ کر کے دنیا بھر میں نشر کیا جائے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ مسلمان اس اہم پیغام کو سمجھ سکیں۔
عرفات سے غروب کے بعد حجاج مزدلفہ جائیں گے، جہاں وہ مغرب اور عشاء کی نمازیں ملا کر پڑھیں گے اور رات کھلے آسمان تلے گزاریں گے۔ وہیں سے شیطان کو مارنے کے لیے کنکریاں جمع کی جائیں گی۔
پھر 10 ذوالحجہ کو حجاج بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے، قربانی کریں گے، حلق یا بال کٹوا کر احرام اتار دیں گے۔ اس کے بعد آنے والے دنوں میں 11، 12 اور 13 ذوالحجہ کو باقی شیطانوں کو بھی کنکریاں ماری جائیں گی۔
ان تمام مناسک کے بعد حجاج طواف زیارت اور صفا و مروہ کی سعی کریں گے، اور یوں حج مکمل ہو جائے گا۔