کراچی: لیاری کے علاقے بغدادی میں اچانک گرنے والی پانچ منزلہ عمارت نے درجنوں خاندانوں کی زندگیوں کو ملبے تلے دفن کر دیا۔ ملبے سے مزید دو لاشیں نکالی گئیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہو گئی ہے۔ ہر نکالی جانے والی لاش کے ساتھ علاقے میں کہرام برپا ہو جاتا ہے۔ْ
ملبے سے 3 ماہ کی بچی کو زندہ نکال لیا گیا، جو امید کی ایک کرن ثابت ہوئی۔ ریسکیو اہلکار اندھیرے اور تنگ گلیوں کے باوجود مسلسل کام میں مصروف ہیں، جبکہ مقامی لوگ اپنے پیاروں کی تلاش میں بے قرار نظر آتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات اور رپورٹ طلب کر لی ہے۔ قریبی عمارتوں کو خالی کرانے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔