لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب میں کہا ہے کہ پنجاب کے تعلیمی ادارے تمام صوبوں کے طلبہ کے لیے کھلے ہیں اور بلوچستان کے طلبہ ہمارے مہمان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صوبے کے طلبہ کے ساتھ امتیازی رویہ نہیں اپنایا جاتا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہوئی ہیں، جو خواتین کے لیے ایک مثال ہے۔ انہوں نے عوام کی بلا تفریق خدمت، فنڈز میں شفافیت اور سفارشی کلچر کے خاتمے پر بھی زور دیا۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ ہر صوبے کو آبادی کے مطابق فنڈز ملتے ہیں اور پنجاب کو سب سے زیادہ پیسہ ملنے کا تاثر غلط ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو ملک میں گروپوں میں تقسیم ہونے سے بچنے کی تلقین کی اور کہا کہ ملک کی ترقی میں سب کا حصہ برابر ہے۔