راولپنڈی: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کشمیری عوام کے خلاف نسل کشی میں ملوث ہے اور وادی کو جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و ستم سے خواتین اور بچے بھی محفوظ نہیں ہیں۔
راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آپریشن بنیان مرصوص کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر دوبارہ نمایاں ہوا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر کی اپنی حیثیت ہے اور یہ کسی صوبے کے برابر نہیں، اور کشمیر کی پالیسی میں بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خون سے لکھی گئی کشمیری جدوجہد کبھی رائیگاں نہیں جائے گی اور پاکستان سے کشمیری عوام کی محبت میں کوئی شک نہیں۔
راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے زور دیا کہ آج کا دن اقوام متحدہ کے کشمیری عوام سے کیے گئے وعدوں کی یاد دلاتا ہے اور جبر اور ظلم کی کالی رات ابھی بھی ختم نہیں ہوئی۔