سوئی کی ترقی کیلئے ماسٹر پلان پر اتفاق، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا شفاف عملدرآمد پر زور

12:50 AM, 5 Jan, 2026

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سوئی ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری بلوچستان، منیجنگ ڈائریکٹر پی پی ایل، رکن قومی اسمبلی میاں خان بگٹی، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی، چیئرمین میونسپل کمیٹی اور مختلف محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں سوئی ٹاؤن کی اندرونی ترقی اور شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر غور کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان کے تحت اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، صاف پانی کی فراہمی، اسپورٹس گراؤنڈ اور بس ٹرمینل کی تعمیر جیسے منصوبے شامل ہوں گے۔

شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سوئی ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا، جبکہ پی پی ایل معاہدے کے مطابق اپنے حصے کے وسائل فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوئی ماسٹر پلان کی منصوبہ بندی کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ مقامی آبادی کو جدید شہری سہولیات میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان سوئی کو منظم، خوبصورت اور پائیدار شہر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سوئی کی ترقی سے نہ صرف مقامی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

مزیدخبریں