وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات، بنگلادیش دورہ اور سیاسی صورتحال زیرِ غور

11:50 AM, 5 Jan, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ملاقات کی، جس میں پارلیمانی امور، اپوزیشن لیڈر کی تقرری، پی ٹی آئی سے مذاکرات اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورۂ بنگلادیش سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔ ایاز صادق نے کہا کہ بنگلادیش کا دورہ سفارتی اور پارلیمانی سطح پر انتہائی اہم اور مثبت رہا، جہاں بنگلادیشی قیادت، چیف ایڈوائزر، مشیران اور دیگر اعلیٰ حکام سے خوشگوار ملاقاتیں ہوئیں۔ انہوں نے مرحومہ خالدہ ضیا کے خاندان کے اراکین سے ملاقات کا ذکر بھی کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ دورے کے دوران بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے مختصر اور غیر رسمی ملاقات کی، جس میں انہوں نے خود آ کر تعارف کرایا اور مصافحہ کیا۔ ایاز صادق کے مطابق ملاقات چند سیکنڈ پر مشتمل تھی اور انہوں نے انتہائی محتاط سفارتی رویہ اختیار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر کو کامیاب دورے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، جبکہ بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر کے ساتھ ان کی ملاقاتیں ہمیشہ مثبت رہی ہیں۔

مزیدخبریں