واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جسے امریکی صدر نے بہت کامیاب اور مفید قرار دیا۔ اس گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے تجارت، فوجی امور، تائیوان، روس-یوکرین جنگ، اور ایران کی موجودہ صورتحال جیسے اہم مسائل پر بات کی۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ اس بات چیت میں چین کی جانب سے امریکا سے تیل، گیس، اضافی زرعی مصنوعات اور طیاروں کے انجن خریدنے جیسے موضوعات پر بھی گفتگو ہوئی۔ چینی میڈیا کے مطابق، چینی صدر نے امریکا کو تائیوان کے مسئلے پر خاص طور پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسلحے کے معاہدے میں احتیاط برتنی چاہیے۔
اس کے علاوہ، چینی اور روسی صدور کے درمیان بھی ٹیلیفونک بات چیت ہوئی۔ کریملن کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے ایران، یوکرین اور دیگر عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے چین کا دورہ کرنے کی دعوت بھی قبول کرلی ہے۔