چینی سفیر کا وزارت داخلہ کا دورہ، بلوچستان میں دہشت گردی کی مذمت اور پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار

11:20 AM, 5 Feb, 2026

اسلام آباد : چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کی سخت مذمت کی اور پاکستان کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر کا خیرمقدم کیا، اور دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔

چینی سفیر نے بلوچستان میں دہشت گردوں کی جانب سے شہریوں اور سکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مخالفت کرتا ہے اور اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

چینی سفیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی ایک طے شدہ منصوبے کے تحت کی گئی تھی، تاہم سکیورٹی فورسز نے مؤثر جواب دیا۔ انہوں نے چینی سفیر کو بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز کی کامیابی اور چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے، اور پاک چین دوستی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ اس کے علاوہ، چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے ایک سپیشل پروٹیکشن یونٹ بھی تشکیل دیا جا رہا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں چینی ٹیکنالوجی اور سازوسامان کی مدد سے مزید کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اس دوران، وزیر داخلہ نے اپنے حالیہ چین کے کامیاب دورے کا بھی ذکر کیا۔

ملاقات میں انسداد دہشت گردی، داخلی سلامتی، سیکیورٹی تعاون اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی، اور دونوں ممالک نے پاک چین سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

چینی سفیر نے پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا، جبکہ وزیر داخلہ نے چین کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ اور چینی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں