وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا پیغام

12:19 PM, 5 Feb, 2026

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ان شاء اللہ کشمیری عوام بہت جلد آزادی کا سورج دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کے لیے محبت ہے، جو خون کی طرح دوڑتی ہے، اور ہم کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔

مریم نواز نے کہا کہ سات دہائیوں سے بھارتی ظلم و ستم کا مقابلہ کرنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔ بھارتی بربریت نے کشمیر کو جنت نظیر نہیں، بلکہ ایک جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور دوسرے عالمی اداروں کو کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل تلاش کیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے عہد کیا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھاتا رہے گا، اور ان شاء اللہ کشمیری عوام جلد اپنی آزادی دیکھیں گے۔

مزیدخبریں