افواج پاکستان کا یومِ یکجہتی کشمیر پر کشمیری عوام کے ساتھ اپنی حمایت کا اظہار

09:59 AM, 5 Feb, 2026

راولپنڈی : پاکستان کی مسلح افواج نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فوجی قیادت بشمول فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کی۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی افواج مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور غیرقانونی حراستوں کی سخت مذمت کرتی ہیں۔ یہ سب عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزیاں ہیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کا اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا ضروری ہے، کیونکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے اس مسئلے کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔ عالمی برادری سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ کشمیری عوام کی حمایت کے لیے عملی اقدامات کرے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ افواجِ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، اور کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا عہد کرتی ہے۔

مزیدخبریں