کراچی: ٹک ٹاک نے اپنے نئے فیچر "نیئر بائی فیڈ" کا آغاز کر دیا ہے جس کے ذریعے صارفین اپنے قریب موجود مقامات اور سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا مقصد لوگوں کو اپنے اردگرد کی نئی جگہوں اور دلچسپیوں کی دریافت میں مدد فراہم کرنا ہے۔
فی الحال یہ فیچر برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی میں متعارف کرایا گیا ہے، اور ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ یہ فیچر کب تک دنیا بھر کے صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
ٹک ٹاک نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا ہے کہ "نیئر بائی فیڈ" میں صارفین کو ان کی لوکیشن، مواد کے موضوع اور اس کی اپلوڈ ہونے کے وقت کی بنیاد پر مقامی مواد دکھایا جائے گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ صارفین کو مقامی سیاحت، ایونٹس، کھانے پینے اور دیگر سرگرمیوں سے متعلق ویڈیوز ملیں گی۔
کمپنی کے مطابق، لوکیشن شیئر کرنا ایک اختیاری آپشن ہوگا اور یہ صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے دستیاب ہوگا۔ اگر صارف اپنی لوکیشن شیئر کرے گا تو ٹک ٹاک اس کی جی پی ایس لوکیشن استعمال کر کے مقامی مواد دکھائے گا۔
اس کے علاوہ، 18 سال سے کم عمر افراد کے اکاؤنٹس کو "نیئر بائی فیڈ" میں مواد نظر نہیں آئے گا، اور اگر کسی کا اکاؤنٹ پرائیویٹ یا "فرینڈز" یا "اونلی یو" کی پرائیویسی سیٹنگ پر سیٹ ہو تو بھی اس فیڈ میں ویڈیوز دکھائی نہیں دیں گی۔