اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزی، غزہ اور لبنان میں مزید حملے

02:56 PM, 5 Dec, 2025

غزہ : اسرائیل نے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ اور لبنان میں اپنے حملے جاری رکھے ہیں، جس کے نتیجے میں مزید تباہی اور جانی نقصان ہوا۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف رہائشی علاقوں، خاص طور پر رفح میں آپریشن کیا، جس میں 7 فلسطینی شہید ہوگئے اور 4 عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ رفح پر حملوں کے دوران حماس کے ایک اہم کمانڈر کو بھی ہلاک کر دیا گیا۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، جنگ بندی کے بعد اسرائیلی فوج نے 360 فلسطینیوں کو شہید کیا ہے، جبکہ 900 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ غزہ میں جنگ کے آغاز سے اب تک 70 ہزار سے زائد فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

اسرائیلی وزیردفاع نے ایک بار پھر اپنی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

ادھر لبنان میں بھی اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ جنوبی لبنان میں اسرائیلی طیاروں نے بمباری کر کے 4 رہائشی عمارتوں کو تباہ کر دیا۔ اسرائیلی فوج نے ان حملوں میں حزب اللہ کے اسلحہ گوداموں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم اس کی وجہ سے شہریوں کو نقصان پہنچا اور ان کی املاک تباہ ہو گئیں۔

مزیدخبریں