دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی شاندار فتح، ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست

11:06 PM, 5 Aug, 2026

سپین: پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے زیر کرتے ہوئے دو میچز کی سیریز برابر کر دی۔

ویسٹ انڈیز کے دارالحکومت پورٹ آف اسپین میں جاری ٹیسٹ کے چوتھے روز میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 6 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز سے دوبارہ شروع کی، لیکن پاکستانی اسپنرز کے سامنے ویسٹ انڈین بیٹرز زیادہ مزاحمت نہ کر سکے۔

میزبان ٹیم کی باقی تین وکٹیں صرف 14 رنز کے اضافے کے دوران گر گئیں، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 117 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ ویسٹ انڈیز کے اوپننگ بیٹر برانڈن کنگ کمر کی تکلیف کے باعث دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ آسکے۔

پاکستان کی جانب سے اسپن باؤلرز ساجد خان اور علی عثمان نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے 75 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے محتاط انداز اپناتے ہوئے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر کامیابی حاصل کرلی۔

قومی ٹیم کی اننگز میں امام الحق 9 اور اذان اویس 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ عبداللہ شفیق اور کپتان بابر اعظم نے ناقابل شکست رہتے ہوئے بالترتیب 24، 24 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح دلائی۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے بیرون ملک ٹیسٹ میچز میں مسلسل 8 ناکامیوں کے بعد پہلی فتح حاصل کرلی۔ قومی ٹیم نے اس سے قبل غیر ملکی سرزمین پر آخری ٹیسٹ فتح 2023 میں سری لنکا کے خلاف حاصل کی تھی۔

دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا اختتام 1-1 کی برابری پر ہوا۔

مزیدخبریں