سندھ کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں دو روزہ ہفتہ وار تعطیلات نافذ

08:57 PM, 5 Aug, 2026

کراچی: حکومت سندھ نے صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں ہفتہ اور اتوار کو دو روزہ ہفتہ وار تعطیلات نافذ کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ تعلیم نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی منظوری کے بعد نافذ کیے گئے نئے فیصلے کے تحت تمام تعلیمی ادارے ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گے، جبکہ نصاب کی بروقت تکمیل اور تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پیر سے جمعہ تک روزانہ تدریسی دورانیے میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حکومتی کفایت شعاری پالیسی پر عمل درآمد، انتظامی اخراجات میں کمی اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے۔ نیا شیڈول صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں پر یکساں طور پر لاگو ہوگا۔

ادھر پنجاب کے مختلف تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے نام جاری کر دیے ہیں، جبکہ امتحانی نتائج کا باقاعدہ اعلان جمعرات 6 اگست کو کیا جائے گا۔

لاہور بورڈ کے مطابق رواں سال دو لاکھ 85 ہزار 800 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔ مجموعی طور پر پہلی پوزیشن پتوکی، قصور کی نجی تعلیمی ادارے کی طالبہ امینہ محبوب نے 1192 نمبر حاصل کرکے اپنے نام کی، جبکہ دانش ہائی اسکول، راجن پور کے طالب علم نے 1191 نمبروں کے ساتھ دوسری اور جوہر ٹاؤن، لاہور کی طالبہ ازبا جاوید نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آرٹس گروپ (بوائز) میں محمد عبداللہ 1126 نمبروں کے ساتھ اول، محمد بلال بیگ 1112 نمبروں کے ساتھ دوم اور عماد حفیظ 1109 نمبروں کے ساتھ سوم رہے۔

فیصل آباد بورڈ میں آمنہ صلاح الدین نے 1191 نمبروں کے ساتھ پہلی، رامین فاطمہ نے 1190 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ محمد رائف عبدالاحد نے 1189 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سائنس گروپ میں محمد رائف عبدالاحد اور آمنہ صلاح الدین اپنی اپنی کیٹیگری میں نمایاں رہے، جبکہ جنرل گروپ میں محمد سائم علی اور انشرح نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

اسی طرح ملتان بورڈ نے بھی میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا اعلان کر دیا۔ بورڈ کے مطابق تفصیلی نتائج 6 اگست کو صبح 10 بجے جاری کیے جائیں گے۔

ملتان بورڈ کے نتائج کے مطابق مہرین رسول 1190 نمبروں کے ساتھ پہلی، فائقہ محبوب 1188 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ حمنہ ابراہیم، خدیجہ چوہدری اور ارسلنہ فاطمہ 1187 نمبروں کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

مزیدخبریں