غزہ بحران پر عرب و مسلم دنیا کو ایک مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا: اسحاق ڈار

08:00 PM, 5 Aug, 2026

اردن: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی المیہ مسلسل شدت اختیار کر رہا ہے، جہاں شہری شدید غذائی قلت، پینے کے صاف پانی کی کمی اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کے لیے عرب اور مسلم دنیا کو متحد ہو کر مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

اردن میں منعقدہ وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مقدس مقامات پر اسرائیلی کنٹرول مضبوط کرنے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں اور یہ عالمی قوانین، بین الاقوامی اصولوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے مسجد اقصیٰ میں انتہاپسند اسرائیلی آبادکاروں کی بار بار دراندازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اشتعال انگیز اقدامات نہ صرف مذہبی تقدس کو مجروح کرتے ہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی خطرہ ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کی غیر قانونی بستیوں کی تعمیر اور قبضے کی پالیسی کو کبھی تسلیم نہیں کرتا۔ انہوں نے مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق ہونے والی وزارتی کانفرنس کو بروقت اور اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر فلسطینی عوام کے جائز حقوق، ان کی آزادی اور خودمختار ریاست کے مطالبے کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں