لاہور : آئی سی سی نے ون ڈے ورلڈکپ 2027 کے کوالیفائر ٹورنامنٹ کا شیڈول فائنل کر دیا ہے، جس میں 10 ٹیمیں عالمی کپ میں جگہ بنانے کے لیے مقابلہ کریں گی۔
کوالیفائر مرحلہ 22 فروری سے 23 مارچ 2027 تک منعقد ہوگا، تاہم اس ایونٹ کے میزبان ملک کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم براہ راست ورلڈکپ کے 14 ٹیموں والے فائنل مرحلے میں پہنچ جائے گی۔
نئے طریقہ کار کے تحت دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو سپر سیریز کا سامنا کرنا ہوگا، جہاں سے ایک اضافی ٹیم ورلڈکپ کے لیے منتخب ہوگی۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2027 کی میزبانی جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کریں گے، جہاں 4 اکتوبر سے 11 نومبر تک 12 وینیوز پر میچز کھیلے جائیں گے۔
کوالیفائر میں کم رینکنگ والی دو مکمل رکن ٹیموں، ورلڈکپ لیگ ٹو کی چار نمایاں ٹیموں اور پلے آف سے آنے والی چار ٹیموں کو شامل کیا جائے گا۔
ادھر ویسٹ انڈیز کی ورلڈکپ میں براہ راست شرکت پر سوالیہ نشان موجود ہے، کیونکہ ستمبر میں بھارت کے خلاف اس کے ون ڈے میچز اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔