’سپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ نے باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا، ایک ارب ڈالر کمانے والی تیز ترین فلموں میں شامل

12:44 PM, 5 Aug, 2026

لاس اینجلس: سپر ہیرو فرنچائز ’سپائیڈر مین‘ کی نئی فلم ’برانڈ نیو ڈے‘ نے عالمی سینما گھروں میں کامیابی کے نئے جھنڈے گاڑ دیے ہیں۔ فلم نے ریلیز کے صرف چھ دن بعد دنیا بھر سے ایک ارب ڈالر سے زائد کا بزنس حاصل کرلیا۔

مارول اور سونی پکچرز کے اشتراک سے بننے والی اس فلم میں ٹام ہالینڈ نے ایک بار پھر سپائیڈر مین کا کردار نبھایا ہے، جسے مداحوں کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔

فلم کی غیر معمولی کمائی نے اسے حالیہ دور کی بڑی کامیاب فلموں میں شامل کردیا ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ایک ارب ڈالر کا ہندسہ اس رفتار سے عبور کرنے والی فلموں میں اس سے آگے صرف ’ایوینجرز: اینڈ گیم‘ موجود ہے، جس نے 2019 میں ریلیز کے فوراً بعد ریکارڈ ساز بزنس کیا تھا۔

امریکی مارکیٹ میں بھی فلم نے شاندار کارکردگی دکھائی اور پہلے چار دنوں میں 407 ملین ڈالر کمائے۔ اس دوران فلم نے ’بلیک پینتھر‘ کے افتتاحی بزنس کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

’سپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ میں ٹام ہالینڈ کے ساتھ زینڈایا، جیکب بیٹالون، جون برنتھل، مارک رفالو اور سیڈی سنک سمیت کئی نمایاں فنکار شامل ہیں۔

فلم کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے فلمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ سپر ہیرو فلم آنے والے ہفتوں میں بھی عالمی باکس آفس پر اپنی کامیابی کا سلسلہ جاری رکھ سکتی ہے۔

مزیدخبریں