غیر منظور شدہ لیگ میں شرکت پر پی سی بی کا سخت مؤقف، این او سی کے بغیر کھیلنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان

09:35 AM, 5 Aug, 2026

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زیمبیا میں منعقد ہونے والی ایشین لیجنڈز لیگ 2026 میں بعض سابق پاکستانی کرکٹرز کی شرکت پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بورڈ کی اجازت کے بغیر غیر منظور شدہ ایونٹس میں حصہ لینے والوں کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

بورڈ کے مطابق ایشین لیجنڈز لیگ 2026 کو نہ تو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی منظوری حاصل ہے اور نہ ہی زیمبیا کرکٹ یونین نے اس ایونٹ کی باقاعدہ اجازت دی ہے۔ آئی سی سی کے ضابطوں کے تحت ہر کھلاڑی کے لیے بیرون ملک کسی بھی لیگ میں شرکت سے قبل اپنے ہوم بورڈ سے این او سی لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے تمام رکن ممالک کے کرکٹ بورڈز کو ہدایت دی ہے کہ غیر منظور شدہ ٹورنامنٹس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے خلاف مناسب تادیبی اقدامات کیے جائیں۔

بورڈ نے خبردار کیا ہے کہ این او سی کے بغیر ایسے مقابلوں میں حصہ لینے والے افراد کو آئندہ دو برس تک کسی بھی اوورسیز لیگ کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وہ دو سال تک پی سی بی، ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ اور بورڈ کے تحت کرکٹ، کوچنگ، مینٹورنگ یا کسی بھی دیگر ذمہ داری کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔

پی سی بی نے تمام موجودہ اور سابق کرکٹرز پر زور دیا ہے کہ بیرون ملک کسی بھی کرکٹ ایونٹ میں شرکت سے پہلے لازمی طور پر بورڈ سے این او سی حاصل کریں تاکہ آئی سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی سے بچا جا سکے۔

بورڈ نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ عالمی کرکٹ کے قواعد پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے آئی سی سی اور دیگر رکن کرکٹ بورڈز کے ساتھ اس کا تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا۔

مزیدخبریں