کراچی: کورنگی میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی، ہزاروں تھیلے چینی و چاول برآمد

07:29 PM, 5 Aug, 2025

کراچی: سندھ حکومت نے اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف ایک اور مؤثر قدم اٹھاتے ہوئے کورنگی کے علاقے میں قائم ایک غیر قانونی گودام پر چھاپہ مارا، جہاں سے 13 ہزار سے زائد تھیلے برآمد کر لیے گئے۔

یہ کارروائی بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز اور اسسٹنٹ کمشنر کورنگی کی مشترکہ کوشش سے کی گئی، جس کے دوران 4,000 تھیلے چینی اور 9,000 تھیلے چاول ضبط کیے گئے۔ گودام کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔

بیورو آف سپلائی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر میر شاہنواز نے بتایا کہ متعلقہ گودام محکمہ میں رجسٹرڈ نہیں تھا، جو کہ قانون کی خلاف ورزی ہے۔

بیورو کے ڈائریکٹر جنرل زاہد حسین شر نے کہا کہ سندھ بھر میں ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے خلاف کسی بھی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اشیائے خورونوش کی وافر فراہمی اور قیمتوں کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے گوداموں کی باقاعدہ نگرانی کی جا رہی ہے اور مستقبل میں بھی ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزیدخبریں