لاہور :پاکستان کے معروف جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم فٹنس مسائل کی وجہ سے ڈائمنڈ لیگ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ ان کے ڈاکٹر نے انہیں مقابلے میں شرکت سے روک دیا ہے تاکہ وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو سکیں۔
ارشد ندیم کی بحالی (ری ہیب) کا عمل انگلینڈ میں جاری ہے، جہاں وہ سرجری کے بعد آہستہ آہستہ فٹ ہو رہے ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق انہوں نے اپنی ٹانگ پر وزن ڈالنا شروع کر دیا ہے، جو ان کی صحت یابی کی طرف مثبت اشارہ ہے۔
یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ارشد کی موجودہ چوٹ نئی اور خاصی سنجیدہ نوعیت کی ہے۔ اسی وجہ سے ان کی اگلی بڑی شرکت، یعنی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ بھی صرف اسی صورت ممکن ہو گی اگر وہ مکمل طور پر فٹ ہو گئے۔
ڈاکٹر علی شیر باجوہ، جنہوں نے کیمبرج (انگلینڈ) میں ارشد کی سرجری کی تھی، ان کی نگرانی میں بحالی کا عمل جاری ہے۔ دوسری طرف، ارشد ندیم نے جلد مکمل صحت یابی کی امید ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ وہ جلد دوبارہ میدان میں لوٹیں گے۔