کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ غیر قانونی، بھارتی اقدامات ناقابل قبول ہیں: وزیراعلیٰ سندھ

03:15 PM, 5 Aug, 2025

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت نے کشمیریوں کی آزادی سلب کر رکھی ہے، اور بھارت کے تمام تر اقدامات انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور اس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق، مودی سرکار نے کشمیریوں کے ساتھ ساتھ اپنے ہی شہریوں کے ساتھ بھی غداری کی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خود ارادیت دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیشہ کشمیریوں کو مقدم جانا، اور آج پیپلزپارٹی اسی اصولی مؤقف پر قائم ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مئی 2025 میں بھارت کی جانب سے کی گئی جارحیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو چند گھنٹوں میں ہی جنگ بندی کے لیے امریکا سے مداخلت کی درخواست کرنا پڑی، جو اس کی ناکامی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت حالیہ تجربات سے سبق سیکھے گا اور کشمیری عوام کو اُن کا جائز حق دینے کی طرف بڑھے گا۔

مزیدخبریں