وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس، ایف بی آر میں اصلاحات کو مؤثر بنانے اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت

02:44 PM, 5 Aug, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایف بی آر میں جاری اصلاحاتی عمل کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، اور ٹیکس کلیکشن میں بہتری خوش آئند ہے۔ انہوں نے ادارے میں اصلاحات کو پائیدار بنانے اور کسٹم کلیئرنس کے نظام میں ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھانے کی ہدایت دی ہے۔

یہ بات انہوں نے ایف بی آر میں اصلاحاتی عمل سے متعلق ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں چیئرمین ایف بی آر، وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ٹیکس نظام کو بہتر بنانے، کسٹمز کے عمل کو جدید بنانے اور ڈیجیٹل طریقہ کار اپنانے سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ سرخ فیتے اور غیر ضروری رکاوٹوں کو ختم کیا جائے تاکہ اصلاحات کا فائدہ ہر سطح پر پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ کسٹم کلیئرنس میں وقت کی بچت اور شفافیت کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبے مل کر ٹیکس اہداف حاصل کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوام کو ٹیکس نظام سے متعلق بہتر آگاہی دی جائے، اور اس کے لیے ایف بی آر کو وزارت اطلاعات کی مدد سے آگاہی مہم چلانی چاہیے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ایف بی آر نے جولائی میں اپنا ٹیکس ہدف حاصل کرلیا ہے، جب کہ کسٹمز نظام کو جدید بنانے کے لیے "فیس لیس" نظام اور ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر انکم ٹیکس ریٹرن کا فارم اردو زبان میں بھی دستیاب کر دیا گیا ہے، جس سے بڑی تعداد میں فائلرز مستفید ہوں گے۔

مزیدخبریں