اسلام آباد: وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو زبردستی اپنا حصہ بنانے کی کوشش کو پاکستان کبھی قبول نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت نہیں مل جاتا، پاکستان ہر سطح پر ان کی سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کو اپنے غیر قانونی اقدامات واپس لینے ہوں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک بھارت ان اقدامات کو واپس نہیں لیتا، خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر کشمیریوں کو زمین خریدنے کی اجازت دی، کشمیری قیادت کو قید کر رکھا ہے اور وہاں کے عوام کو مسلسل جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ "ہم امن چاہتے ہیں لیکن ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔" انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں، کسی بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے بھارت پر الزام لگایا کہ جیسے پلوامہ واقعے کا ڈرامہ رچایا گیا تھا، ویسے ہی پہلگام واقعہ بھی بھارت کا بنایا ہوا منصوبہ تھا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اس واقعے کی بین الاقوامی تحقیقات کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کا مشترکہ مؤقف ہے اور پوری قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
بھارتی غرور خاک میں ملا، افواجِ پاکستان کا کردار تاریخ میں لکھا جائے گا: عطاء تارڑ
اسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر قبضہ زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست کا دن تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اور پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ "ایک دن ضرور آئے گا جب کشمیریوں کو ان کا حق ملے گا۔" انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور ان کا کردار دنیا بھر کے ملٹری اداروں میں مثالی مثال کے طور پر پڑھایا جائے گا۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ بھارت نے جب پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو نہ صرف اس کے جہاز گرے بلکہ مودی کا غرور بھی زمین بوس ہوا۔
یاد رہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر دی تھی۔ پاکستان ہر سال اس دن کو یومِ استحصال کشمیر کے طور پر مناتا ہے تاکہ دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کیا جا سکے اور کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے۔