غزہ میں اسرائیلی ظلم جاری، درجنوں فلسطینی شہید، قحط نے تباہی مزید بڑھا دی

03:18 PM, 5 Aug, 2025

غزہ : غزہ پر اسرائیلی حملے مسلسل جاری ہیں اور نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی رکنے کا نام نہیں لے رہی۔ عرب میڈیا کے مطابق، پچھلے 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے 94 افراد شہید اور 439 زخمی ہو چکے ہیں۔

غزہ میں صورتحال دن بہ دن بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ خوراک کی شدید کمی نے قحط جیسی حالت پیدا کر دی ہے، جہاں لوگ بھوک سے مرنے لگے ہیں۔ اب تک صرف غذائی قلت کی وجہ سے 175 افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں 93 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق کئی فلسطینی خوراک کی تلاش میں گھروں سے نکلے اور اسرائیلی حملوں کا نشانہ بن گئے، صرف اس وجہ سے 29 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

مجموعی طور پر شہادتوں کی تعداد 60 ہزار 933 تک جا پہنچی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

اسرائیلی بمباری میں انسانی ہمدردی کے مراکز بھی محفوظ نہیں۔ ہلالِ احمر کی عمارت پر حملے سے آگ لگ گئی، جس میں ایک رضاکار شہید اور تین افراد زخمی ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق کئی زخمی اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں یا راستے بند ہونے کے باعث سڑکوں پر پھنسے ہوئے ہیں، جن تک طبی امداد پہنچانا ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔ غزہ میں اس وقت انسانی بحران انتہائی سنگین صورت اختیار کر چکا ہے، لیکن عالمی سطح پر خاموشی بدستور قائم ہے۔

مزیدخبریں