طوفان "فلورس" برطانیہ اور آئرلینڈ سے ٹکرا گیا، تائیوان میں بارشوں نے تباہی مچا دی

02:19 PM, 5 Aug, 2025

لندن : برطانیہ اور آئرلینڈ میں شدید سمندری طوفان "فلورس" نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔ سکاٹ لینڈ میں طوفانی ہواؤں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور گلاسگو سے جزائر کی جانب جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق، نیو کیسل سے آگے تمام شمالی ریل سروسز بند کر دی گئی ہیں۔ ساحلی علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 144 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ دیگر شہروں میں بھی 85 سے 101 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ برطانوی محکمہ موسمیات نے کئی علاقوں میں خطرے کی وارننگ جاری کی ہے۔

طوفان کے باعث آرٹیکلیو میں 100 سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی ہے، جبکہ آئرلینڈ کے کئی علاقوں میں بھی ہزاروں لوگ بجلی سے محروم ہو چکے ہیں۔

ادھر تائیوان میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے شدید تباہی پھیلائی ہے۔ مختلف حادثات میں 4 افراد ہلاک، 77 زخمی اور 3 لاپتہ ہو گئے ہیں۔ حکام نے 5900 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

تائیوان کے جنوبی علاقوں میں صرف ایک ہفتے کے دوران 2000 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی ہے، جو وہاں کی سالانہ اوسط سے بھی زیادہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ چکی ہیں اور شہری علاقوں میں کئی بستیاں زیرِ آب آ گئی ہیں، جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مزیدخبریں