اداکارہ شمیم آرا کو مداحوں سے بچھڑے 9 سال ہو گئے

04:20 PM, 5 Aug, 2025

لاہور : پاکستانی فلموں کی ایک ایسی شخصیت جنہوں نے اپنی اداکاری اور ہدایت کاری سے ہمیشہ اپنا لوہا منوایا، شمیم آرا کو آج ان کے مداح یاد کر رہے ہیں کیونکہ ان کے انتقال کو 9 سال مکمل ہو گئے ہیں۔

شمیم آرا 1938 میں علی گڑھ میں پیدا ہوئیں اور ان کا اصل نام پتلی بائی تھا۔ فلمی دنیا میں آنے کے بعد ان کا نام شمیم آرا رکھا گیا۔ انہوں نے اپنی پہلی فلم "کنواری بیوہ" سے اپنے فن کا آغاز کیا، جہاں ان کا انداز لوگوں کو بہت پسند آیا۔

1960 میں فلم "سہیلی" کے ذریعے انہوں نے نگار ایوارڈ جیتا اور پھر انہوں نے پاکستان کی پہلی رنگین فلم "نائلہ" سمیت 80 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ ان کی مشہور فلموں میں "دیوداس"، "انارکلی"، "چنگاری" اور "قیدی" شامل ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ فلم "قیدی" میں شاعر فیض احمد فیض کی مشہور نظم بھی ان کی اداکاری کی وجہ سے بے حد مقبول ہوئی۔

شمیم آرا نے اداکاری کے بعد ہدایت کاری میں بھی کامیابی حاصل کی اور پاکستان کی پہلی کامیاب خاتون ہدایت کارہ بن گئیں۔ انہوں نے کئی نگار ایوارڈز بھی حاصل کیے۔

5 اگست 2016 کو لندن میں طویل علالت کے بعد شمیم آرا نے دنیا کو الوداع کہا۔ آج بھی ان کی یادیں مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں اور ان کا نام پاکستانی فلمی تاریخ میں سنہری حرفوں سے لکھا گیا ہے۔

مزیدخبریں