مقبوضہ کشمیر کی آزادی ایک مقدر حقیقت بن چکی ہے، مریم نواز

11:16 AM, 5 Aug, 2025

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی ایک مقدر حقیقت بن چکی ہے، اور یہ دن قریب آ رہا ہے جب کشمیر بھارتی قبضے سے آزاد ہو گا۔

مریم نواز نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پانچ اگست 2019 کے بعد بھارتی ظلم و ستم میں اضافہ ہونے کے باوجود کشمیریوں کا حوصلہ اور عزم مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ کشمیر کا فیصلہ ان کی جدوجہد کے ذریعے ہو گا، اور پاکستان ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا ہے، کھڑا تھا اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا کشمیر پر غیر قانونی قبضہ عالمی ضمیر کو چیلنج کرتا ہے اور اس پر عالمی برادری کی خاموشی ایک سیاہ باب ہے، جسے تاریخ کبھی نہیں بھولے گی۔ تاہم، مریم نواز نے کہا کہ وہ پُرامید ہیں کہ کشمیری عوام پر آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ برصغیر میں دیرپا امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، اور ہزاروں کشمیری شہداء کی قربانیاں کبھی ضائع نہیں ہوں گی۔ بھارت جتنا بھی کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو دبانے کی کوشش کرے، وہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔

مریم نواز نے کہا کہ کشمیر ہر پاکستانی کے دل میں بستا ہے، اور کشمیری عوام کو بھارتی ظلم و ستم کے سبب ایک دہائی سے لاک ڈاؤن کی زندگی گزارنی پڑ رہی ہے۔ ان پر ڈھائے جانے والے مظالم عالمی ضمیر پر ایک گہرا داغ ہیں۔

آخر میں مریم نواز نے کہا کہ بھارت کا ظلم عارضی ہے، لیکن کشمیر کی آزادی ایک دن ضرور ہوگی۔ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ناقابلِ قبول ہیں، اور دنیا کو اس پر فوری توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کا کشمیر پر قبضہ غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر انسانی ہے، اور یہ دن دور نہیں جب کشمیر کی سیاہ رات کا سورج طلوع ہوگا۔ مسئلہ کشمیر اب بھارت کا داخلی مسئلہ نہیں بلکہ ایک عالمی انسانی بحران بن چکا ہے جس کا حل عالمی برادری کو نکالنا ہوگا تاکہ پورے خطے میں امن اور خوشحالی کا آغاز ہو سکے۔

مزیدخبریں