اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا عہد کیا اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن بھارتی ظلم و جبر کی ایک یاد دہانی ہے، اور بھارت کا غیر قانونی قبضہ نہ صرف کشمیر کی عوامی حقوق کو سلب کرتا ہے بلکہ پورے خطے میں امن و استحکام کو بھی خطرے میں ڈالتا ہے۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ بھارت کشمیری قیادت کو دبانے اور ان کی آواز کو خاموش کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو بھارت کے انتہا پسندانہ اور تسلط پسند ایجنڈے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے تنازع کا منصفانہ حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے اور عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کیے جانے والے انسانی حقوق کے جرائم کو روکنے کے لیے اپنے کردار کا ادراک کرنا چاہیے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت کے اقدامات کے نتیجے میں کشمیری عوام اپنے ہی وطن میں بے اختیار اور بے بس ہو رہے ہیں، اور پاکستان کشمیریوں کے حقوق کے حصول تک ان کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی جنگ میں ان کے ساتھ کھڑا رہے گا، اور ان کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھاتا رہے گا۔