"حزب اللہ ہماری سوچ سے زیادہ طاقتور نکلی": اسرائیلی کمانڈر کا اعتراف

11:35 AM, 5 Apr, 2026

تل ابیب : مشرقِ وسطیٰ کے محاذ پر اسرائیلی فوج کی جانب سے حزب اللہ کی جنگی صلاحیتوں کا حیران کن اعتراف سامنے آیا ہے۔ اسرائیلی ہوم فرنٹ کمانڈر رفی میلیو نے اعتراف کیا ہے کہ حزب اللہ کی طاقت کا جو اندازہ لگایا گیا تھا، حقیقت اس کے برعکس نکلی ہے۔ دوسری جانب، اسرائیل نے ایران کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا حتمی پلان تیار کر لیا ہے۔
اسرائیلی کمانڈر رفی میلیو نے اپنی رپورٹ میں حزب اللہ کی فعال عسکری قوت کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا حزب اللہ کے پاس اس وقت 10 ہزار سے زائد راکٹ اور متعدد جدید لانچرز موجود ہیں جو کسی بھی وقت اسرائیل کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ حزب اللہ اتنی منظم ہے کہ وہ مسلسل 6 ماہ تک روزانہ 500 راکٹ داغنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، جو اسرائیلی دفاعی حصار کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔
اسرائیلی وزارتِ دفاع کے مطابق، تل ابیب نے ایران کو معاشی طور پر گھٹنوں پر لانے کے لیے اس کی توانائی اور تیل کی تنصیبات پر حملے کا منصوبہ مکمل کر لیا ہے۔
 رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فوج حملے کے لیے تیار ہے لیکن اس وقت امریکہ کی جانب سے گرین سگنل اور عسکری تعاون کا انتظار کیا جا رہا ہے۔اگر یہ حملہ ہوتا ہے تو ایران کی معیشت کو شدید دھچکا پہنچے گا، تاہم جواب میں اسرائیل کو بھی حزب اللہ اور ایران کے مشترکہ میزائل حملوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اسرائیلی کمانڈر کے اس اعتراف نے اسرائیلی عوام میں بے چینی پھیلا دی ہے، جبکہ حزب اللہ کے حامی اسے اپنی بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔دفاعی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایران کی توانائی تنصیبات پر حملے سے دنیا بھر میں تیل کا بحران پیدا ہو سکتا ہے۔

مزیدخبریں