ایران کی پیٹروکیمیکل تنصیبات اور شاہکار اسٹیڈیم تباہ، تہران کا کویت میں امریکی مفادات پر جوابی ڈرون حملہ

10:58 AM, 5 Apr, 2026

تہران/کویت سٹی : مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اب بے قابو ہو چکی ہے۔ امریکی اور اسرائیلی افواج کی جانب سے ایران کے معاشی اور شہری ڈھانچے پر ہولناک بمباری کی گئی ہے، جس کے جواب میں ایران نے کویت میں موجود امریکی و اتحادی مفادات کو آگ کے شعلوں میں بدل دیا ہے۔
امریکی اور اسرائیلی طیاروں نے ایران کی شہ رگ پر وار کرتے ہوئے پیٹروکیمیکل تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں 5 افراد شہید اور 170 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔ ایران کا فخر کہلانے والا شاہکار اسپورٹس اسٹیڈیم ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ تاریخ ساز اسٹیڈیم پر ہونے والے حملے کے بعد ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں اور ایرانی عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
ایران نے اپنی تباہی کا بدلہ لینے کے لیے کویت میں موجود اسٹریٹجک اہداف پر ڈرونز کی بارش کر دی۔کویت کی وزارتِ تیل اور وزارتِ مالیات کی عمارتوں پر براہِ راست ڈرون حملے کیے گئے، جس کے بعد بلند و بالا عمارتوں سے آگ کے شعلے اٹھتے دیکھے گئے۔ کویت کے اہم گیس فیلڈ اور بجلی پیدا کرنے والے یونٹس کو بھی مفلوج کر دیا گیا ہے، جس سے پورے خطے میں توانائی کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    تیل کی قیمتوں میں زلزلہ: گیس فیلڈز اور پیٹروکیمیکل پلانٹس پر حملوں نے عالمی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے، خام تیل کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔کویت میں ہونے والے حملوں نے خلیجی ممالک کو ہلا کر رکھ دیا ہے، تمام عرب ریاستوں نے اپنے دفاعی نظام کو 'ریڈ الرٹ' کر دیا ہے۔

مزیدخبریں