ایران میں امریکی کمانڈوز کا بڑا آپریشن، دوسرا پائلٹ ریسکیو

10:35 AM, 5 Apr, 2026

واشنگٹن: مشرقِ وسطیٰ کے محاذ سے ایک اور سنسنی خیز خبر سامنے آئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی سپیشل فورسز نے تہران کے زیرِ اثر دشوار گزار علاقوں میں ایک اور انتہائی خطرناک مشن مکمل کرتے ہوئے اپنے دوسرے لاپتہ پائلٹ کو بھی بحفاظت ریسکیو کر لیا ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق، یہ پائلٹ ایران کے ایک ایسے پیچیدہ جغرافیائی علاقے میں پھنس گیا تھا جہاں ایرانی فورسز کی سخت ناکہ بندی تھی۔ امریکی صدر نے اس آپریشن کی حساسیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہم نے دشمن کی حدود کے اندر دو الگ الگ خفیہ آپریشنز کیے اور دونوں پائلٹس کو نکالنے میں کامیاب رہے۔ صدر نے پائلٹ کو "حقیقی جنگجو" قرار دیا جس نے دشمن کے علاقے میں کئی گھنٹے تک اپنی بقا کی جنگ لڑی۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے واشگاف الفاظ میں کہا "یہ تمام دنیا کے لیے پیغام ہے کہ امریکہ اپنے سپاہیوں کو پیچھے چھوڑ کر بھاگنے والی قوم نہیں ہے۔ جو کوئی ہمارے جوانوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا، ہم اسے گھر میں گھس کر ماریں گے اور اپنے لوگوں کو بحفاظت واپس لائیں گے۔
 تہران نے ان کارروائیوں کو اپنی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسے "بین الاقوامی قزاقی" سے تشبیہ دی ہے۔ پائلٹس کی بحفاظت واپسی سے خلیج میں موجود امریکی افواج کے مورال میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں