لاہور: محکمہ ماحولیات نے پنجاب میں نئے کار سروس سٹیشنز بنانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی اور اس پابندی کا نفاذ فوری طور پر کیا جائے گا۔
محکمہ ماحولیات نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پانی کی کمی اور خشک سالی کے ممکنہ اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا، کیونکہ ایک گاڑی دھونے کے دوران 400 لیٹر پانی ضائع ہوتا ہے۔
محکمہ کا مزید کہنا تھا کہ نئے سروس سٹیشنز خشک سالی کی صورتحال کو مزید بگاڑ کر ماحولیاتی اور سماجی اقتصادی مسائل کو بڑھا سکتے ہیں۔
اس سے قبل 13 فروری کو پنجاب میں گھروں میں گاڑی دھونے پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی، جس کے تحت خلاف ورزی پر 10 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ کسی بھی قسم کے تیل سے گاڑی دھلوانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے تحت محکمہ ماحولیات نے یہ احکامات جاری کیے ہیں، جس میں تیل سے گاڑی دھلوانے کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔