واٹس ایپ کا اے آئی فیچر بند کرنے کا مؤثر طریقہ

05:49 PM, 5 Apr, 2025

کیلیفورنیا :میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں حالیہ دنوں شامل کیے گئے اے آئی چیٹ بوٹ بٹن پر کئی صارفین نے اعتراض اٹھایا ہے، اور اسے غیر ضروری اور خلل پیدا کرنے والا قرار دیا ہے۔ اس فیچر کو ہٹانے کے حوالے سے ناکام کوششوں کے بعد صارفین کی جانب سے اس سے نجات کا نیا طریقہ سامنے آ گیا ہے۔

ٹیکنالوجی سے متعلق ویب سائٹس اور سوشل میڈیا فورمز پر شیئر کی جانے والی رپورٹس کے مطابق، اگر واٹس ایپ صارفین میٹا کے اے آئی فیچر سے بچنا چاہتے ہیں تو انہیں واٹس ایپ بزنس ورژن استعمال کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس مخصوص ایپ میں فی الحال یہ فیچر موجود نہیں ہے۔

واٹس ایپ بزنس اصل میں چھوٹے کاروباروں کے لیے بنایا گیا پلیٹ فارم ہے تاکہ وہ اپنے گاہکوں سے رابطے میں رہ سکیں، مگر یہ عام افراد کے لیے بھی بآسانی دستیاب ہے اور اس کا استعمال بھی بالکل مفت ہے۔

ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کسی صارف کے فون پر واٹس ایپ بزنس کے باوجود بھی میٹا اے آئی کا فیچر ظاہر ہونے لگے، تو ایک اور متبادل حل یہ ہو سکتا ہے کہ واٹس ایپ کا کوئی پرانا ورژن انسٹال کیا جائے۔

اس مقصد کے لیے صارفین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صرف قابلِ اعتماد ذرائع سے APK فائل ڈاؤن لوڈ کریں تاکہ ان کا ڈیٹا اور پرائیویسی محفوظ رہ سکے۔

ریڈٹ پر متعدد صارفین نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ جب تک میٹا کی جانب سے واٹس ایپ پر اے آئی چیٹ بوٹ کو لازمی قرار نہیں دیا جاتا، تب تک واٹس ایپ بزنس یا پرانا ورژن استعمال کرنا ایک موثر حل ثابت ہو سکتا ہے۔

مزیدخبریں