اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ شرح سود میں مزید کمی کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام آ چکا ہے اور بیرونی محاذ پر بہتری آئی ہے، جبکہ اس سال ترسیلات زر 36 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ برآمدات میں اضافہ اور زرمبادلہ کے ذخائر میں 13 ارب ڈالر تک اضافے کی توقع ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ مہنگائی میں ریکارڈ کمی آئی ہے اور اس کمی کو عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عیدالفطر پر 870 ارب روپے کی خریداری ہوئی، اور سیمنٹ، کاروں، اور موٹرسائیکلوں کی فروخت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کرنے کی خبر دی اور کہا کہ صوبوں نے بھی اہداف حاصل کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال تنخواہ دار طبقے کے لیے خود ٹیکس ادائیگی کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔