پارلیمنٹ ہاؤس میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مشق، عملے کا انخلا

04:16 PM, 4 Sep, 2026

اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس میں کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فائر سیفٹی اور ایمرجنسی رسپانس مشق کا انعقاد کیا گیا۔ مشق کے دوران سائرن بجا کر ہنگامی صورتحال کا الرٹ جاری کیا گیا اور پارلیمنٹ ہاؤس کے عملے کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

مشق کے دوران آگ لگنے، ممکنہ حملے اور دیگر ہنگامی صورتحال کی صورت میں حفاظتی اقدامات، بروقت انخلا اور ریسکیو کے طریقہ کار کی عملی تربیت دی گئی۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے اسٹاف نے بھی مشق میں بھرپور حصہ لیا۔

سی ڈی اے فائر بریگیڈ سمیت مختلف ریسکیو اداروں کے اہلکاروں نے مشق میں شرکت کی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو کارروائیوں کا عملی مظاہرہ کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مشق کی نگرانی کی اور پارلیمنٹ ہاؤس میں ایمرجنسی رسپانس، فائر سیفٹی اور انخلا کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

مشق کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پارلیمنٹ ہاؤس کے عملے کو فوری اور محفوظ انخلا کے لیے تیار کرنا اور ریسکیو اداروں کے درمیان مربوط کارروائی کو یقینی بنانا تھا۔

مزیدخبریں