راولپنڈی : سکیورٹی فورسز نے قلات میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔ کارروائی کے بعد علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قابلِ تحسین ہیں۔