ممبئی: بالی ووڈ کے معروف فلم ساز بونی کپور نے اداکار رنبیر کپور کی پیشہ ورانہ لگن اور تحمل کو بے حد سراہا ہے۔ بونی کے مطابق رنبیر نے اپنی حالیہ فلم 'تو جھوٹی میں مکار' کے ایک سین کو مکمل کرنے کے لیے 52 ری ٹیک دیے، مگر اس دوران انہوں نے کبھی بھی کوئی شکایت یا نکتہ چینی نہیں کی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، 2023 میں ریلیز ہونے والی رومانٹک ڈرامہ فلم 'تو جھوٹی میں مکار' میں بونی کپور نے اداکاری کا پہلا تجربہ کیا تھا اور انہوں نے رنبیر کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے پر ایک حالیہ انٹرویو میں رنبیر کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور صبر کی تعریف کی۔
بونی کپور نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ دہلی کی سخت گرمی میں 16 گھنٹے تک جاری رہی اور کئی بار شیڈول میں تبدیلیاں بھی آئیں، لیکن رنبیر نے کبھی بھی ناخوشی کا اظہار نہیں کیا۔ بونی نے کہا کہ جب میں نے خود 13 یا 14 بار ری ٹیک دی تو مجھے تھوڑا پریشانی ہوئی، لیکن رنبیر نے مجھے تسلی دی کہ جب تک ہدایت کار مکمل طور پر مطمئن نہ ہو، ہمیں بہترین کارکردگی دینی ہوگی۔
انہوں نے کہا، "رنبیر ہر بار ٹیم کے ساتھ عزت اور ادب سے پیش آئے۔ ان کا صبر اور محنت واقعی قابلِ تحسین ہے۔"
واضح رہے کہ 'تو جھوٹی میں مکار' لو رنجن کی ہدایت کاری میں بنی تھی، جس میں شرادھا کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم میں بونی کپور نے اداکاری کے شعبے میں قدم رکھا تھا۔
رنبیر کپور نے حال ہی میں سندیپ ریڈی وانگا کی فلم 'اینیمل' میں کام کیا ہے اور اس وقت وہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم 'لو اینڈ وار' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں عالیہ بھٹ اور وکی کوشل بھی شامل ہیں۔ مزید برآں، وہ نتیش تیواری کی 'رامائن' پر بھی کام کر رہے ہیں، جہاں وہ سائی پلوی اور یش کے ساتھ نظر آئیں گے۔