امریکا کی خارجہ پالیسی میں بڑی تبدیلی، پاکستان کو بھارت پر ترجیح دی جا رہی ہے: دی ڈپلومیٹ

04:41 PM, 4 Sep, 2025

اسلام آباد: بین الاقوامی جریدے "دی ڈپلومیٹ" نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے جنوبی ایشیا سے متعلق اپنی خارجہ پالیسی میں اہم تبدیلی کی ہے، جس کے تحت اب پاکستان کو خطے میں زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے، جب کہ بھارت کے لیے واشنگٹن کی دلچسپی کم ہوتی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور پیشہ ورانہ عسکری ڈپلومیسی نے عالمی سطح پر اسے قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر پیش کیا ہے۔ امریکا اب پاکستان کو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ مشرق وسطیٰ میں بھی ایک اسٹریٹجک اتحادی تصور کر رہا ہے۔

جریدے نے کہا ہے کہ بھارت، جو خود کو خطے میں "نیٹ سیکیورٹی پرووائیڈر" سمجھتا تھا، بدلتے ہوئے حالات میں اس کردار کو مؤثر انداز میں نبھانے میں ناکام رہا ہے۔ اس کے برعکس پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں ہم آہنگی میں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ میں بھارت کی جانب سے بلوچستان میں خفیہ مداخلت اور ٹارگٹ کلنگ مہم کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ جریدے کے مطابق پاکستان کی جانب سے بارہا امن کی کوششیں کی گئیں، جن کا جواب بھارت نے کشیدگی کو ہوا دے کر دیا۔

دی ڈپلومیٹ کے مطابق مئی 2025 میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران ایٹمی تصادم کا خطرہ پیدا ہوا، تاہم امریکا نے بروقت مداخلت کر کے جنگ بندی کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بھارت کا مسلسل مذاکرات سے انکار امریکا کے لیے بھی عدم اطمینان کا باعث بن رہا ہے۔

مزیدخبریں