لوکل گورنمنٹ کا نظام تقریباً ختم ہو چکا، صوبائی حکومتیں اپنے اختیارات دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کو تیار نہیں: چیئرمین پنجاب گروپ میاں عامر محمود

03:41 PM, 4 Sep, 2025

فیصل آباد: چیئرمین پنجاب گروپ میاں عامر محمود نے فیصل آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں لوکل گورنمنٹ کا نظام تقریباً ختم ہو چکا ہے اور صوبائی حکومتیں اپنے اختیارات دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کو تیار نہیں، جس کا سب سے زیادہ نقصان عوام کو ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ڈویژن کو الگ صوبہ بنانا چاہیے تاکہ انتظامی نظام بہتر ہو اور نئی قیادت ابھرے۔ میاں عامر محمود نے کہا کہ اگر 33 نئے صوبے بنائے جائیں تو ملک میں نئی لیڈر شپ سامنے آئے گی، اور فیصل آباد کو اپنا صوبہ، اسمبلی اور وزیراعلیٰ دیا جانا چاہیے تاکہ یہاں کے مسائل بہتر طریقے سے حل ہو سکیں۔

انہوں نے پنجاب کی آبادی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی آبادی ملک کی کل آبادی کا 53 فیصد ہے، اس لیے وسائل کی فراہمی میں اضافہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں سیاسی قیادت مڈل کلاس سے ابھرتی ہے، لیکن ہمارے نظام میں مڈل کلاس کو آگے بڑھنے کی راہ میں رکاوٹیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں عوام کو یکساں حقوق حاصل نہیں اور جب تک موجودہ مسائل اور غلطیوں کو دور نہیں کیا جائے گا، ہم ترقی کی منزل حاصل نہیں کر سکیں گے۔

مزیدخبریں