وزیراعظم شہباز شریف کی چینی ہم منصب سے ملاقات، پاک چین تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار

02:30 PM, 4 Sep, 2025

بیجنگ : وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے چین کے سرکاری دورے کے دوران بیجنگ میں چینی وزیراعظم لی چیانگ سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہونے اور پانچ نئی اقتصادی راہداریوں پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد، دیرینہ دوستی اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم کڑی ثابت ہوئی۔ ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے، جس کے بعد چینی وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چین کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور ترقی میں مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جاری اصلاحات کے مثبت نتائج چین کی بھرپور حمایت سے ممکن ہوئے ہیں۔

اس موقع پر دونوں ملکوں نے سی پیک فیز-2 کے تحت پانچ نئی اقتصادی راہداریوں پر مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم نے قراقرم ہائی وے اور ریلوے لائن-1 کی بحالی اور گوادر بندرگاہ کو مکمل طور پر فعال بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

دونوں ممالک نے 2024 سے 2029 تک کے لیے ایک مشترکہ ایکشن پلان پر دستخط کیے، جس میں سائنس، ٹیکنالوجی، زراعت، آئی ٹی اور میڈیا سمیت کئی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خاکہ شامل ہے۔

وزیراعظم نے بیجنگ میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں 300 پاکستانی اور 500 چینی کمپنیاں شریک ہوں گی۔ انہوں نے زراعت، ٹیکسٹائل، کان کنی، صنعت اور آئی ٹی کو ترجیحی شعبے قرار دیا۔ وزیراعظم نے چینی قیادت کو یہ بھی بتایا کہ پاکستان جلد چین کی کیپٹل مارکیٹ میں پانڈا بانڈز جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ کے عالمی اقدامات جیسے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سیکیورٹی انیشی ایٹو اور گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک نے 2026 میں پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ شایان شان طریقے سے منانے پر بھی اتفاق کیا۔

مزیدخبریں