جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم چار سال بعد پاکستان میں واپس، ٹیسٹ اور دیگر میچز کا شیڈول طے

02:22 PM, 4 Sep, 2025

لاہور : چار سال سے زیادہ عرصے کے بعد جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ پہلی ٹیسٹ میچ 12 سے 16 اکتوبر کے درمیان لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ون ڈے سیریز کا آغاز 28 اکتوبر کو راولپنڈی سے ہوگا، اور باقی دو میچز 31 اکتوبر اور 2 نومبر کو فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ اگر یہ شیڈول حتمی منظور ہو گیا تو فیصل آباد میں طویل عرصے بعد انٹرنیشنل کرکٹ واپس آئے گی۔

ٹی 20 میچز کی سیریز 5 نومبر کو ملتان میں شروع ہوگی، جبکہ آخری دو میچز 8 اور 9 نومبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کا ایک وفد انتظامات دیکھنے پاکستان آیا تھا جو آج واپس جا رہا ہے، تاہم چونکہ اس وفد نے ملتان کا دورہ نہیں کیا اس لیے وہاں میچ ہونے کے امکانات کم نظر آ رہے ہیں۔

یہ شیڈول ابھی حتمی نہیں ہے، دونوں بورڈز کے درمیان بات چیت کے بعد ہی حتمی منظوری دی جائے گی اور تاریخوں یا جگہوں میں تبدیلی ممکن ہے۔

اس سے پہلے جنوبی افریقی ویمنز ٹیم بھی پاکستان میں تین ٹی 20 میچز کھیلنے والی ہے۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے آخری بار جنوری اور فروری 2021 میں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی، جس میں وہ وائٹ واش ہوئے تھے۔ اسی سال ٹی 20 سیریز میں بھی انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مارچ میں ہونے والے ون ڈے چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔

گذشتہ سال مئی میں فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں بنگلا دیش کے خلاف دو ٹی 20 میچز کروانے کا اعلان کیا گیا تھا جو کہ 17 سال بعد اس اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی تھی، لیکن پی ایس ایل میچز کے ری شیڈول کی وجہ سے تمام میچز لاہور میں ہو گئے تھے۔

مزیدخبریں