گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، متاثرین میں راشن تقسیم

11:10 AM, 4 Sep, 2025

لاہور : گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ننکانہ صاحب سمیت پنجاب کے مختلف سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں متاثرہ خاندانوں میں راشن اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کیں۔

اس موقع پر انہوں نے جہلم، چکوال، حافظ آباد، راوی اور ننکانہ صاحب جیسے علاقوں میں جاری سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ہزاروں ایکڑ زرعی زمین سیلابی پانی میں ڈوب چکی ہے اور اس تباہی نے عوام کی جانوں اور مال مویشیوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

گورنر نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو سیلاب کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ صدر مملکت نے ہدایت دی ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ جاری رکھیں اور متاثرین کی بھرپور مدد کریں۔ آج کل چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے بجلی کے بل چھ ماہ کے لیے معاف کیے جائیں اور زرعی زمینوں کے ٹیکس بھی ختم کیے جائیں تاکہ کسانوں کو سہولت مل سکے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، اور جو سیاسی بیان بازی کرے گا وہ سیلاب زدگان کا دشمن ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ جب تک متاثرین اپنے گھروں کو واپس نہ پہنچیں، سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی تمام متعلقہ ادارے، مشینری اور پاک فوج کے دستے دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ ریسکیو اور امدادی کام جاری رہیں۔

مزیدخبریں