امریکہ کی عدالت نے گوگل کو صارفین کی پرائیویسی کی خلاف ورزی پر 425 ملین ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا

10:54 AM, 4 Sep, 2025

واشنگٹن : سان فرانسسکو سے موصولہ خبر کے مطابق، امریکہ کی ایک فیڈرل کورٹ نے گوگل کو صارفین کا ڈیٹا بغیر اجازت اکٹھا کرنے پر 425 ملین ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ مقدمہ سان فرانسسکو کی عدالت میں چلایا گیا جہاں صارفین نے گوگل پر آٹھ سال تک ان کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگایا تھا۔

صارفین نے گوگل کے خلاف 31 ارب ڈالر سے زائد ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا، جس میں ویب اینڈ ایپ ایکٹیویٹی کی سیٹنگز کو بغیر اجازت استعمال کرنے کا معاملہ شامل تھا۔ عدالت نے یہ الزام درست قرار دیتے ہوئے گوگل کو بھاری جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔

اسی طرح ارجنٹینا کی ایک عدالت نے بھی گوگل کو ایک پولیس افسر کی نامناسب تصویر بنانے پر تقریباً 12 ہزار 500 ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ یہ تصویر 2015 میں گوگل اسٹریٹ ویو کیمرے نے اس افسر کے گھر کے صحن میں بنائی تھی، جب وہ گھر میں برہنہ حالت میں تھا۔

یہ دونوں فیصلے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ آج کے دور میں ڈیجیٹل کمپنیوں کو صارفین کی پرائیویسی کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہو سکتی ہے۔

مزیدخبریں