سیرین ایئرلائن کی پروازیں معطل، جدہ میں 1800 سے زائد پاکستانی شہری مشکلات کا شکار

10:26 PM, 4 Oct, 2025

جدہ: سیرین ایئرلائن کی پروازوں کی غیر متوقع معطلی کے باعث جدہ میں پھنسے ہوئے 1800 سے زائد پاکستانی شہری، جن میں بڑی تعداد عمرہ زائرین، خواتین اور بزرگوں کی ہے، شدید پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں۔

مسافروں کو ابتدائی طور پر جدہ ایئرپورٹ سے قریبی ہوٹلوں میں منتقل کر دیا گیا، مگر ان ہوٹلوں میں نہ تو مناسب کھانے پینے کا بندوبست ہے اور نہ ہی رہائش کی معقول سہولیات دستیاب ہیں۔ شکایات کے مطابق، دو افراد کے کمروں میں چار سے پانچ افراد کو زبردستی ٹھہرایا جا رہا ہے، جس سے خواتین، ضعیف افراد اور اہلِ خانہ کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔

متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ ایئرلائن کا مقامی عملہ مکمل طور پر غائب ہے، جبکہ جدہ میں سیرین ایئر کے منیجر سے بھی کوئی رابطہ نہیں ہو پا رہا۔ ان کا موبائل نمبر مسلسل بند جا رہا ہے، جس نے مسافروں کی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

مسافروں نے شکوہ کیا ہے کہ جدہ میں موجود پاکستانی قونصلیٹ کی جانب سے بھی کوئی مدد یا رابطہ نہیں کیا جا رہا، جس کی وجہ سے وہ خود کو تنہا، بے یار و مددگار محسوس کر رہے ہیں۔

متاثرین نے حکومتِ پاکستان، دفترِ خارجہ، اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ فوری نوٹس لیا جائے اور ان کی جلد وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

مزیدخبریں