بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، سیکیورٹی ذرائع

07:04 PM, 4 Oct, 2025

راولپنڈی: سیکیورٹی ذرائع نے بھارت کی جانب سے کسی بھی ممکنہ مہم جوئی پر سخت ردعمل دینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دوبارہ "آپریشن سندور" جیسا کوئی اقدام کیا گیا تو اس بار ایسا جواب دیا جائے گا کہ تمام شکوے دور ہو جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے دی جانے والی حالیہ دھمکیاں محض دکھاوے اور گیدڑ بھبکیاں ہیں، جن سے پاکستان خوف زدہ ہونے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی خودمختاری اور سلامتی کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا، اور کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں نیشنل ایکشن پلان کے تحت مسلسل جاری ہیں، جن کے دوران ملک بھر میں ہزاروں آپریشن کیے جا چکے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہ پہلے تھا اور نہ اب ہے۔ فوج اپنی آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے ریاستی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔

مزیدخبریں