گوادر: پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ حکمت عملی کے تحت گوادر میں شدید پانی کے بحران کو ختم کر دیا ہے۔ شادی کور ڈیم کی پائپ لائن سے پانی کی فراہمی بحال کر کے شہر کو یومیہ 12 لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جانے لگا ہے، جبکہ گوادر ڈی سیلینیشن پلانٹ کو بھی جزوی طور پر دوبارہ فعال کیا گیا ہے۔
گزشتہ مہینے آکرہ اور سواد ڈیمز کے خشک ہونے سے پانی کی قلت میں اضافہ ہو گیا تھا اور پانی کی چوری نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا تھا۔ 29 ستمبر کو ہنگامی اجلاس میں گوادر اور جیوانی کے لیے پانی کی فراہمی کے اہداف مقرر کیے گئے تھے۔
اجلاس میں میرانی ڈیم سے پانی کو باؤزر کے ذریعے منتقل کرنے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ سن اسٹار کنوؤں کے لیے پائپ لائن کی تنصیب کا کام بھی جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جلد سات واٹر باؤزرز میرانی ڈیم سے گوادر پہنچیں گے تاکہ پانی کی فراہمی میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔
ماہرین نے موسمیاتی تبدیلیوں کو خشک سالی کی بڑھتی ہوئی وجوہات میں شمار کیا ہے اور کہا ہے کہ پانی کے ضیاع کو روکنے اور مزید ڈیم بنانے کی ضرورت ہے۔
گوادر اور جیوانی کے رہائشیوں نے پانی کے بحران کے فوری حل پر پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا ہے۔