اسلام آباد : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں ٹیکنالوجی اور نئے علوم سیکھنا بہت ضروری ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ٹیکنالوجی کے میدان میں کافی ترقی کی ہے اور ہم اس ترقی کو مزید آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسحاق ڈار نے حکومت کے ڈیجیٹائزیشن کے اقدامات کو اجاگر کیا اور کہا کہ فور جی ٹیکنالوجی نواز شریف کے دور میں متعارف کرائی گئی تھی، جس کے ذریعے ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب گوگل کروم بُک جیسی ٹیکنالوجیز، جو کہ ڈاکٹروں، انجینئرز اور طلبہ کے لیے اہم ثابت ہوں گی، پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے گوگل کروم بُک کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ نئی ٹیکنالوجی نوجوانوں کی مہارت کو بڑھانے اور انہیں جدید گیجٹس کی بہتر سہولت فراہم کرنے میں مدد دے گی۔ اس کے ذریعے پاکستان کی اقتصادی سرگرمیاں بھی مزید تیز ہوں گی۔
اسحاق ڈار نے اس موقع پر غزہ امن معاہدے کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ گزشتہ ماہ غزہ کے امن معاہدے پر دستخط ہوئے، اور اب اس بات کی ضرورت ہے کہ اسرائیل اس معاہدے پر عمل کرے۔