بلیو اکانومی پاکستانی معیشت کیلئے بڑا موڑ ثابت ہو گی ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

11:22 AM, 4 Nov, 2025

پاکستان: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بلیو اکانومی پاکستانی معیشت کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔ وہ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 کے دوران ورچوئل خطاب کر رہے تھے، جس میں انہوں نے بلیو اکانومی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس سے معیشت میں بڑی تبدیلیاں آ سکتی ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستانی معیشت صحیح سمت میں گامزن ہے اور بلیو اکانومی معیشت کو نئی زندگی دے سکتی ہے۔ حکومت اس وقت معیشت میں بنیادی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے کیونکہ یہ اصلاحات مستحکم ترقی کے لیے ضروری ہیں۔

محمد اورنگزیب نے اس بات کا ذکر کیا کہ معاشی استحکام کے لیے پچھلے ڈھائی سال میں کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں افراط زر اور پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین عالمی ریٹنگ ایجنسیز نے پاکستان کے معاشی اقدامات کو سراہا ہے، جو حکومت کی پالیسیوں کی کامیابی کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت اور تجارت کی ترقی کے لیے دوست ممالک کا تعاون حاصل ہے، اور کراچی، گوادر اور پورٹ قاسم کی بندرگاہوں کو جدید بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے یہ بھی بتایا کہ معیشت کی ترقی کے لیے مختلف وزارتوں کے درمیان بہترین ہم آہنگی ہے اور وزارت خزانہ معیشت کے استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

مزیدخبریں