کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق، مشتعل افراد کا احتجاج

10:14 AM, 4 Nov, 2025

کراچی: شہر کی سڑکوں پر تیز رفتار ڈمپرز کی وجہ سے ایک اور جان چلی گئی۔ رامسوامی نشتر روڈ کے قریب ایک ڈمپر کی ٹکر سے نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوئی۔ اس المناک حادثے کے بعد مشتعل عوام نے ڈمپر کو آگ لگا دی۔

متوفی کے والد نے اعلیٰ حکام سے انصاف کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو سخت سزا ملنی چاہیے۔ اس دوران ڈمپرز ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود مسلح گارڈز کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچے، جس پر عوام مزید بھڑک اُٹھے۔ اس کے ساتھ آئے گارڈز نے موقع پر ہوائی فائرنگ کی، جس سے احتجاجی صورتحال مزید شدت اختیار کر گئی۔

لیاقت محسود نے ایک ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا کہ ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے، اور ان کی ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے نوجوان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس واقعے کا نوٹس لیا اور کہا کہ وہ نوجوان کی موت پر غمزدہ ہیں۔ انہوں نے رامسوامی میں عوام پر فائرنگ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کا اختیار نہیں دیا جا سکتا۔ کامران ٹیسوری نے سوال کیا کہ پولیس نے فائرنگ کے بعد فوراً کارروائی کیوں نہیں کی؟ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے معاملات کو بگاڑنے کی بجائے افہام و تفہیم سے حل کرنا ضروری ہے۔

مزیدخبریں