اسلام آباد: وفاقی وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری سے رومانیہ کے سفیر کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان بندرگاہی تعاون، تجارتی تعلقات اور میری ٹائم شعبے میں شراکت داری بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ اگر کراچی پورٹ اور رومانیہ کے کانسٹانسا پورٹ کو جوڑا جائے تو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی اور اقتصادی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان بہت جلد چھ آپریشنل بندرگاہوں والا ملک بننے جا رہا ہے، جو یورپی منڈیوں تک رسائی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے میری ٹائم سیکٹر میں تربیت، سکیورٹی اور ڈیجیٹل لاجسٹکس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ رومانیہ کے سفیر نے پاکستانی سپورٹس اور زرعی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک نے سرمایہ کاری اور نئے تجارتی راستوں کی تلاش پر بھی بات چیت کی۔
آخر میں پاکستان اور رومانیہ نے اقتصادی، تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔